بنگلورو، 11/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاست میں سابقہ سدارامیا حکومت کے دور میں شروع کی گئی شادی محلوں کی تعمیر کی اسکیم کو موجودہ حکومت نے آگے بڑھانے اور ادھورے شادی محلوں کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ ،اقلیتی بہبود و اوقاف بی زیڈ ضمیر احمد خان نے بتائی ۔
شادی محل اور کمیونٹی ہال کی تعمیر جو پچھلی کانگریس حکومت کے دوران منظور کی گئی تھی لیکن بعد میں آنے والی بی جے پی حکومت کی طرف سے گرانٹ فراہم نہیں کی گئی تھی ، انہیں وزیر اعلیٰ سدارامیا کی طرف سے پیش کردہ حالیہ ریاستی بجٹ میں ضروری فنڈس فراہم کئے گئے ہیں۔
ریاستی اسمبلی میں کانگریس کے رکن سبا ریڈی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 126 تجاویز تھیں ۔ چکبالاپور ضلع کے باگے پلی تعلقہ میں شادی محل کی تعمیر کے لیے 50 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اس اسکیم کے لیے 54 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، جلد ہی ان کو عملی شکل دی جائے گی۔
کانگریس رکن این اے حارث کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ضمیر احمد خان نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ریاست میں مختلف ہاؤزنگ اسکیموں کے تحت 26582 مکانات تقسیم ہوئے۔ ریاست کے دیہی علاقوں میں 8.72 1 لاکھ بے گھر افراد اور 7.19 لاکھ ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے پاس سائٹ نہیں ہے۔ شہری علاقوں میں 3.02لاکھ بے گھر افراد اور 10.27 لاکھ ایسے افراد ہیں جن کے پاس سائٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 214.92 کروڑ روپے اور شہری ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 1470.22 کروڑ روپے مہیا کروائے گئے ہیں۔
جنتا دل (ایس) کے رکن جی ٹی دیوے گوڈا کے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ضمیر احمد خان نے کہا کہ چامنڈیشوری حلقہ میں بسو اوستی یوجنا کے تحت 8 رہائشی علاقوں میں 3904 مکانات کی تعمیر کئے گئے۔ ان علاقوں کو فنڈس کی دستیابی کی بنیاد پر پانی، بجلی اور دیگر انفراسٹرکچر کی سہولتیں مہیا کروائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہنچیا ساٹگلی ، منڈکلی ، روپانگر، کپالورو، راجیو نگر، اایکلویا نگر اور کسیرے علاقے میں تعمیر 3904 مکانات میں 12752 مکینوں کی رہائش کی سہولت ہوگی۔ جی ٹی دیوے گوڑانے ان مکانات کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی مانگ کی۔ وزیر موصوف نے ان پر مناسب کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔